قومی اسمبلی نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق صدارتی اعلامیے کی قرارداد منظور کرلی

6

اسلام آباد، 14 اکتوبر (اے پی پی): قومی اسمبلی نے خیبرپختونخوا میں ہنگامی حالت کے نفاذ سے متعلق صدر مملکت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کی قرارداد منظور کرلی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے صدر مملکت کی جانب سے 11 اکتوبر 2026 کو خیبرپختونخوا میں ہنگامی حالت کے نفاذ سے متعلق جاری کردہ صدارتی اعلامیہ ایوان میں پیش کیا۔

بعد ازاں وفاقی وزیر نے صدارتی اعلامیے سے متعلق قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کی جسے ایوان نے منظور کرلیا۔

اس سے قبل اجلاس کے آغاز میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایوان کو سابق رکن قومی اسمبلی مریم اورنگزیب کی ساس کے انتقال سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر مرحومہ سمیت حالیہ مختلف واقعات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز سابق رکن قومی اسمبلی بشیر احمد کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے باعث ایوان کی معمول کی کارروائی مکمل نہیں ہوسکی تھی، تاہم آج متعدد اہم قومی معاملات ایوان میں زیر بحث لائے جانے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اہم قومی امور پر بحث کے ساتھ ایک قرارداد بھی ایوان میں پیش کرنا چاہتی ہے۔ ان معاملات پر اپوزیشن کو بھی اظہارِ خیال کا بھرپور موقع فراہم کیا جانا چاہیے تاکہ حکومتی اور اپوزیشن ارکان اپنا مؤقف ایوان کے سامنے پیش کرسکیں۔

وفاقی وزیر نے اسپیکر قومی اسمبلی سے درخواست کی کہ اہم قومی معاملات پر تفصیلی بحث اور قرارداد پیش کرنے کے لیے وقفہ سوالات معطل کیا جائے تاکہ ایوان کی کارروائی مؤثر انداز میں آگے بڑھائی جاسکے۔