اسلام آباد،22 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے کہا ہے کہ پاکستان میں پائیدار معاشی ترقی کے لیے برآمدات میں اضافے، نجی سرمایہ کاری کے فروغ اور اصلاحاتی عمل کے تسلسل پر توجہ دینا ناگزیر ہے۔
سی ای او سمٹ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے زراعت، ٹیکسٹائل اور آئی ٹی کو ملکی معیشت کے کلیدی شعبے قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان شعبوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں بلکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے۔
مشیرِ نجکاری نے واضح معاشی ترجیحات، مستقل مزاجی اور طویل مدتی پالیسیوں پر عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک میں معاشی ترقی کے نئے افق روشن ہوں گے۔ عالمی منڈیوں میں پاکستانی برآمدات کی رسائی بڑھانے اور صنعت کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت تیار کرنے سے معاشی سفر کو پائیدار بنیادیں فراہم کی جا سکتی ہیں۔
میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے خواتین کی معاشی سرگرمیوں میں شمولیت کو انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ خواتین کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے، حکومت اور نجی شعبے کے مابین مضبوط تعاون کے فروغ سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی اور پاکستان کی عالمی مسابقتی صلاحیت میں نمایاںِ بہتری آئے گی۔











