پاکستان میں معاشی ترقی کے وسیع مواقع، پالیسیوں اور اصلاحات کا تسلسل ناگزیر: وزیراعظم کے مشیر محمد علی کا سی ای او سمٹ سے خطاب

6

اسلام آباد۔ 22 اکتوبر(اے پی پی): وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے کہا ہے کہ پاکستان میں معاشی ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں اور طویل مدتی پالیسیوں، اصلاحات کے تسلسل، نجی سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ کے ذریعے ملکی معیشت کو مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔

سی ای او سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین، ویتنام اور بنگلہ دیش جیسے ممالک نے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے طویل مدتی پالیسیوں کے ذریعے نمایاں ترقی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ اعتماد معاشی ترقی کی بنیاد ہے، جو درست سمت کے تعین اور کامیابی کے لیے مؤثر حکمت عملی وضع کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

مشیر نجکاری نے کہا کہ زراعت اور ایگری پروسیسنگ، ٹیکسٹائل و ملبوسات اور آئی ٹی و ڈیجیٹل سروسز پاکستان کے اہم شعبے ہیں، جن میں ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور برآمدات بڑھانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ ان شعبوں پر توجہ دے کر ملکی معیشت کو مزید متحرک اور عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات و خدمات کی رسائی کو وسیع کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اصلاحات کے مؤثر نفاذ، پالیسیوں کے تسلسل اور توانائی کی سستی، قابلِ اعتماد اور پائیدار فراہمی سے صنعتی و کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ معیشت کو دستاویزی شکل دینے سے ٹیکس نیٹ میں وسعت اور معاشی نظام کی بہتری میں بھی مدد ملے گی۔

محمد علی نے کہا کہ سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل کو آگے بڑھانے کا مقصد اداروں کی کارکردگی بہتر بنانا اور معیشت میں نجی شعبے کے کردار کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

انہوں نے برآمدات کے فروغ کو معاشی ترقی کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ معیار کی مصنوعات اور خدمات کی تیاری، عالمی منڈیوں میں پاکستانی کمپنیوں کی موجودگی بڑھانے اور بین الاقوامی سطح پر کاروباری وسعت کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔

مشیر نجکاری نے ہنرمند افرادی قوت کی تیاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اور تکنیکی تربیت کو صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر جدید مہارتوں کے فروغ سے صنعتی پیداوار اور کاروباری مسابقت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے خواتین کے لیے ہنر مندی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے معاشی شمولیت کو فروغ دینے اور ملکی معیشت میں خواتین کے کردار کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔

محمد علی نے کہا کہ ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری، اصلاحات کا تسلسل، برآمدات میں اضافہ، نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔