چیئرمین سی ڈی اے کا اسلام آباد ایکسپریس وے ایسٹ پراجیکٹ کا دورہ، بروقت تکمیل کی ہدایت

4

اسلام آباد، 22 اکتوبر ( اے پی پی): چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سہیل اشرف نے اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ پراجیکٹ کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کی اب تک کی پیش رفت اور معیار کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کو منظور شدہ ڈیزائن کے مطابق اعلیٰ تعمیراتی معیار برقرار رکھتے ہوئے مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔

چیئرمین سی ڈی اے کو اسلام آباد ایکسپریس وے ایسٹ کے اطراف غیر قانونی تعمیرات، غیر مجاز تجارتی سرگرمیوں اور بلڈنگ کنٹرول قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف جاری انفورسمنٹ آپریشن کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

آپریشن کے دوران اب تک 58 عمارتیں سیل کی جا چکی ہیں، جبکہ سوہان سے کھنہ پل کے درمیان 124 تعمیرات کی نشاندہی مسماری کے لیے کی گئی ہے۔ مجموعی طور پر 377 تعمیرات، جن میں 281 تجارتی عمارتیں شامل ہیں، کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے نشاندہی کی گئی ہے۔

انفورسمنٹ آپریشن کے دوران 25 کروڑ 5 لاکھ 90 ہزار 157 روپے وصول کیے جا چکے ہیں، جبکہ متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت تقریباً 3 ارب روپے مزید واجب الادا ہیں۔

چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی کہ بلڈنگ کنٹرول قوانین، زمین کے استعمال سے متعلق قواعد اور فائر سیفٹی کے لازمی تقاضوں پر سختی اور یکساں انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی ترقیاتی منصوبوں کی بروقت  مکمل کیا جائے ، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں معیار اور کوالٹی پر ہرگز سمجھوتہ نہ کیا تاکہ اسام آباد کو ترقی یافتہ،  خوبصورت دارالحکومت بنانے میں مدد مل سکے۔