صدر مملکت آصف علی زرداری کی پاک سعودیہ دیرینہ تعلقات کو مضبوط معاشی شراکت داری میں بدلنے کی ہدایت

4

لاہور، 22 اکتوبر (اے پی پی): صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے لیپ ٹاپ اور جدید سہولیات سے آراستہ لیک سٹی لاہور میں منعقدہ “سعودی پاکستان ریئل اسٹیٹ ایکسپو” (اسپریکس) کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور باہمی سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا۔

دورے کے دوران گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور لیک سٹی کے سی ای او و سعودی پاک بزنس کونسل کے رکن ڈاکٹر گوہر اعجاز نے صدرِ مملکت کا استقبال کیا۔

ایکسپو کے دوران صدرِ مملکت کو نمائش میں شریک کمپنیوں، ان کے منصوبوں اور پاکستان کے ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس نمائش میں نامور سعودی ریئل اسٹیٹ و انویسٹمنٹ کمپنیوں کے پویلین قائم کیے گئے ہیں۔

 ایکسپو میں سعودی پاک بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود اور وائس چیئرمین عبد العزیز الاشرافی نے بھی شرکت کی۔

نمائش میں صفا انویسٹمنٹ، نالج اکنامک سٹی، سمو انویسٹمنٹ، الماجدیہ، علو ریئل اسٹیٹ، دیار العربیہ، بن داؤد انویسٹمنٹ اور انٹرنیشنل گیٹ انویسٹمنٹ سمیت معروف سعودی کمپنیاں شامل ہیں۔ یہ کمپنیاں ایک طرف پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہیں تو دوسری جانب مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے منصوبوں کو پیش کر کے باہمی سرمایہ کاری کو فروغ دے رہی ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات کو مضبوط معاشی شراکت داری، بالخصوص باہمی کاروبار اور سرمایہ کاری میں بدلنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے جو دونوں ممالک کی لازوال دوستی کا بین ثبوت ہے۔ انہوں نے ایکسپو کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے غیر ملکی سرمایہ کاری اور نجی شعبے کے تعاون کو فروغ ملے گا۔

صدر مملکت نے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

 تقریب میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے عملے کے نئے یونیفارم بھی نمائش کے لیے پیش کیے گئے۔