وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی ماسٹر کارڈ کے وفد سے ملاقات، ڈیجیٹل ادائیگیوں، مالی شمولیت اور کیش لیس معیشت کے فروغ پر تبادلہ خیال

4

اسلام آباد،04نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے ماسٹر کارڈ کے وفد نے ڈویژن پریذیڈنٹ ایسٹ عربیہ مارک ایلیٹ کی قیادت میں ملاقات کی، جس میں ڈیجیٹل ادائیگیوں، مالی شمولیت، سائبر سیکیورٹی اور پاکستان میں کیش لیس معیشت کے فروغ کے لیے تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان کے مالیاتی شعبے کے ساتھ ماسٹر کارڈ کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل ادائیگیوں کے دائرہ کار میں توسیع، مالیاتی خدمات تک رسائی بہتر بنانے اور معیشت میں شفافیت و مؤثریت کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے وزیراعظم کے کیش لیس معیشت کے اقدام کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل مالیاتی سہولیات زراعت، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور دیگر شعبوں کی ترقی کے ساتھ مالی شمولیت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

ملاقات میں بیرون ملک سے ترسیلات زر کی سہولت بہتر بنانے، ڈیجیٹل ادائیگیوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے اور سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیر خزانہ نے محفوظ ڈیجیٹل مالیاتی نظام کی ترقی کے لیے سائبر سیکیورٹی اور فراڈ کی روک تھام کی اہمیت پر زور دیا۔

مارک ایلیٹ نے پاکستان کے ساتھ طویل المدتی تعاون کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ڈیجیٹل ادائیگیوں، مالی شمولیت، ترسیلات زر اور سائبر سیکیورٹی کے شعبوں میں اپنے عالمی تجربے اور ٹیکنالوجی سے استفادے کی پیشکش کی۔

وزیر خزانہ نے ماسٹر کارڈ کی پاکستان میں مسلسل دلچسپی اور سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل جدت اور سرکاری و نجی شعبے کے اشتراک کو فروغ دینے کے لیے تعاون جاری رکھے گی۔

ملاقات میں ماسٹر کارڈ کے کنٹری منیجر پاکستان و افغانستان ارسلان خان اور ڈائریکٹر پبلک سیکٹر پاکستان و افغانستان جبران جمشاد بھی موجود تھے۔