اسلام آباد، 05 نومبر (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کی پیش رفت اور شفافیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ پیٹرولیم سبسڈی اسکیم کے تحت رجسٹرڈ مستحقین کو سہولت فراہم نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کیے جائیں۔
وزیراعظم کی زیر صدارت جمعرات کو پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں اسکیم پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ رجسٹریشن اور سبسڈی کے حصول کا طریقہ کار آسان بنانے سے رجسٹریشن میں اضافہ ہوا ہے اور زیادہ مستحق شہری اس سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی پر مبنی یہ شفاف سبسڈی اسکیم مستقبل میں عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگی۔
وزیراعظم نے اسکیم کی نگرانی کے لیے مؤثر ڈیش بورڈ تیار کرنے پر وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ، وفاقی سیکریٹری ضرار ہاشم خان اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسکیم کے تحت اب تک ایک کروڑ 55 لاکھ 19 ہزار 282 شہری رجسٹر ہو چکے ہیں جن میں ایک کروڑ 50 لاکھ 60 ہزار موٹر سائیکل مالکان اور 800 سی سی تک گاڑیوں کے 4 لاکھ 49 ہزار مالکان شامل ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک 6 کروڑ 31 لاکھ 53 ہزار 685 ٹوکن جاری کیے گئے جن میں سے 5 کروڑ 94 لاکھ 45 ہزار 347 استعمال ہو چکے ہیں۔ اسکیم کے تحت 4 نومبر تک 28 ارب 60 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کی جا چکی ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اسکیم سے متعلق معلومات کی فراہمی اور شکایات کے ازالے کے لیے صارفین اور پیٹرول پمپس کے لیے الگ الگ کال سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احد خان چیمہ، مصدق ملک، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاونین خصوصی طارق باجوہ اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) ظفر اقبال سمیت متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔











