برلن، 05 نومبر (اے پی پی): جرمنی کے دارالحکومت برلن میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی نمائش ’بازار برلن‘ میں پاکستان کا خصوصی پویلین قائم کر دیا گیا ہے،جہاں ملک کی اعلیٰ اور روایتی دستکاری سمیت ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر پیش کیا جا رہا ہے۔
اس نمائش میں دنیا بھر کے 60 سے زائد ممالک کے نمائش کنندگان اپنی مصنوعات کے ساتھ شریک ہیں۔ جرمنی میں پاکستان کے سفیر سلمان شریف نے نمائش کا دورہ کر کے پاکستانی پویلین کا تفصیلی جائزہ لیا اور وہاں موجود پاکستانی دستکاروں، تاجروں اور نمائش کنندگان سے ملاقات کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سفیرِ پاکستان نے کہا کہ ’بازار برلن‘ پاکستانی دستکاری اور مصنوعات کو جرمن اور یورپی منڈیوں میں متعارف کرانے کے لیے ایک انتہائی اہم اور مؤثر پلیٹ فارم ہے، اور اس نوعیت کی عالمی نمائشوں میں باقاعدہ شرکت سے پاکستانی مصنوعات کی یورپی مارکیٹ تک رسائی کو مزید آسان اور مضبوط بنانے میں مدد ملتی ہے۔
نمائش کے دوران پاکستان کی جانب سے ہاتھ سے تیار کردہ نفیس قالین، لکڑی کا معیار فرنیچر، پیتل کا روایتی کام اور دلکش کڑھائی کے شاہکار پیش کیے گئے ہیں، جن میں بین الاقوامی اور مقامی خریداروں کی دلچسپی دیدنی ہے۔ سفیر پاکستان سلمان شریف نے اس امر پر زور دیا کہ یہ نمائش پاکستان اور جرمنی کے درمیان تجارتی و کاروباری روابط کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے جرمنی میں پاکستانی کاروباری طبقے اور ہنر مندوں کو درپیش تجارتی امور میں سہولت کاری اور سفارتی سطح پر ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔











