اسلام آباد، 06 نومبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ تعلیم، صحت، غذائیت، برآمدات اور نوجوانوں کی اعلیٰ تعلیم جیسے قومی اہمیت کے حامل موضوعات کو میڈیا میں خصوصی توجہ ملنی چاہیے، کیونکہ پاکستان کے مستقبل کا انحصار ان بنیادی شعبوں میں بہتری پر ہے۔
میڈیا لٹریسی اینڈ جرنلزم سے متعلق ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں شرح خواندگی بہتر بنانے، اسکولوں سے باہر بچوں کو تعلیمی نظام میں لانے اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کی ابتدائی نشوونما، صحت اور غذائیت مستقبل کی انسانی صلاحیتوں کی بنیاد ہیں۔ بچوں کی زندگی کے ابتدائی پانچ سال ان کی ذہنی اور جسمانی نشوونما کے لیے انتہائی اہم ہوتے ہیں، اس لیے ابتدائی بچپن کی تعلیم اور بہتر نگہداشت پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی معاشی خودمختاری کے لیے برآمدات میں نمایاں اضافہ ناگزیر ہے۔ ویتنام کی برآمدات میں ہونے والی ترقی کا جائزہ لیتے ہوئے پاکستان کو بھی اپنی برآمدی صلاحیت بڑھانے، پیداواری شعبے کو مضبوط بنانے اور حکومت و نجی شعبے کے اشتراک سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اعلیٰ تعلیم تک نوجوانوں کی رسائی بڑھانے اور انسانی وسائل کی ترقی کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو معیاری اعلیٰ تعلیم کے زیادہ مواقع فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور وسائل کے مؤثر استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی بجٹ کے ہر روپے سے مطلوبہ نتائج حاصل ہونے چاہئیں۔ اس مقصد کے لیے پی ایس ڈی پی کے منصوبوں کو پورٹل پر دستیاب کیا جا رہا ہے تاکہ عوام ان کا جائزہ لے سکیں، اپنی رائے دے سکیں اور شفافیت کے عمل میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔











