اسلام آباد، 06 نومبر (اے پی پی): پاکستان بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن (پی بی ایس اے) کے ہیڈ کوارٹرز میں صوبائی اور قومی سطح پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے بہترین اسکاؤٹس کے اعزاز میں پریذیڈنٹ گولڈ میڈل اور چیف کمشنر ایوارڈ کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان و چیف اسکاؤٹ کی جانب سے دستخط شدہ گولڈ میڈلز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب کے مہمانِ خاص قائم مقام چیف کمشنر پی بی ایس اے حافظ طارق محمود تھے، جبکہ قائم مقام سیکیریٹری طارق علیم گل، ڈائریکٹر یوتھ پروگرام زاہد محبوب اور دیگر سینئر اسکاؤٹ لیڈرز نے بھی شرکت کی۔ مہمانِ خاص نے ایوارڈ حاصل کرنے والے اسکاؤٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی محنت، نظم و ضبط اور عوامی خدمت کے جذبے کو سراہا اور زور دیا کہ وہ آئندہ بھی قوم کی خدمت کا یہ سلسلہ جاری رکھیں۔











