پاکستان اور سوڈان کے درمیان سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

7

اسلام آباد 7 نومبر ( اے پی پی):اسلام آباد میں سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی کی پاکستانی ہم منصب محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے ملاقات ہوئی، جس میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔

ملاقات میں پاکستان اور سوڈان کے درمیان سکیورٹی، داخلی امور، سائبر کرائم، پولیس ٹریننگ، ادارہ جاتی تعاون، نادرا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان سائبر کرائم کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے ایم او یو پر دستخط کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

سوڈانی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سائبر کرائم کے شعبہ میں پاکستان کی مہارت اور تجربہ سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔

 وزیر داخلہ  نے کہا کہ پاکستان سوڈان میں قیام امن اور تعمیر نو کے عمل میں ہر قسم کا تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سوڈان میں نادرا کے تعاون سے 3 کروڑ 60 لاکھ شہریت کارڈز، 90 لاکھ قومی شناختی کارڈز، ایک کروڑ 80 لاکھ پیدائشی اور 5 لاکھ ڈیتھ سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے۔ سول رجسٹریشن کے عمل میں آئندہ بھaی تعاون کیلئے نادرا ہمہ وقت تیار ہے۔

سوڈانی وزیر داخلہ کے استفسار پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان میں شادی شدہ سوڈانی خواتین کے ویزا مسائل فوری حل کرنے کے احکامات دیے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان سوڈان کو پولیس افسران کی پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ سوڈانی شہری پاکستان میں طبی سہولیات سے استفادہ کر سکتے ہیں، پاکستان کی جانب سے انہیں صحت کے شعبے میں ہر ممکن سہولت اور آسانی فراہم کی جائے گی۔

سوڈان کے وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان ہمارا برادر ملک ہے، پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے مختلف شعبوں میں تعاون پر اظہار تشکر کیا۔a