ملتان ,7نومبر )اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر محمد فیصل سلیم نے ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی فراہمی اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے سخت مانیٹرنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے نشتر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف شعبوں میں طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے زیر علاج مریضوں سے ملاقات کرکے علاج معالجے اور ادویات کی فراہمی کے حوالے سے بھی دریافت کیا اور ان کے مسائل سنے۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے نشتر ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہسپتالوں میں صفائی، ادویات کی دستیابی اور علاج معالجے کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ طبی سہولیات میں بہتری کے لیے ہسپتالوں کی کارکردگی کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی۔











