سرکاری ملکیتی اداروں سے متعلق کابینہ کمیٹی نے مختلف اداروں کے بورڈز سے متعلق تجاویز کی منظوری

8

اسلام آباد،10 نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے سرکاری ملکیتی ادارہ جات کا اجلاس وزارت خزانہ میں منعقد ہوا، جس میں نیسپاک کے چیئرمین/آزاد ڈائریکٹر کی تقرری، حیسکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو اور سیپکو کے بورڈ میں آزاد ڈائریکٹر کی تقرری سے متعلق تجاویز کا جائزہ لیتے ہوئے منظوری دی گئی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی، متعلقہ وفاقی سیکریٹریز اور مختلف وزارتوں، ڈویژنز اور ریگولیٹری اداروں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر خزانہ نے اس موقع پر زور دیا کہ سرکاری ملکیتی اداروں کے بورڈز میں بطور ایکس آفیشیو ڈائریکٹر خدمات انجام دینے والے حکومتی نمائندے متعلقہ شعبے کا ضروری تجربہ، پیشہ ورانہ اہلیت اور ادارہ جاتی امور سے آگاہی رکھتے ہوں تاکہ وہ اپنے متعلقہ ڈویژنز کی مؤثر نمائندگی کر سکیں۔