اسلام آباد 10نومبر(اے پی پی): چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کر رہی ہے، وزیراعظم بزنس اینڈ ایگریکلچر لون پروگرام کے تحت قرضوں کی فراہمی سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں جبکہ رواں سال نوجوانوں کو 292 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے جائیں گے۔
منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا وزیراعظم محمد شہباز شریف کا نصب العین ہے، اس سال سٹارٹ اپس میں خواتین کی شمولیت کی شرح 30 فیصد تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ اس وقت سٹارٹ اپس شروع کرنے والی خواتین کی شرح 11 فیصد ہے۔
رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ وزیراعظم بزنس اینڈ ایگریکلچر لون پروگرام نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے، حکومت نوجوانوں میں کاروباری سرگرمیوں اور نئے سٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2024 میں وزیراعظم بزنس اینڈ ایگریکلچر لون پروگرام کے تحت 100 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے گئے، پروگرام کے تحت ہر قرض سے کم از کم تین ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیئر فور کے تحت نوجوانوں کو ڈھائی کروڑ روپے تک قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف چاہتے ہیں کہ معاشرے کے تمام طبقات کو ترقی کے یکساں مواقع میسر آئیں اور نوجوان ملکی معیشت میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔











