اسلام آباد،10نومبر (اے پی پی):اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان ای سی او کونسل آف منسٹرز کے 30 ویں اہم اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے جو 15 اور 16 نومبر کو منعقد ہوگا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ای سی او کونسل آف منسٹرز 2026 اور 2027 کے چیئرمین کی حیثیت سے پاکستان کو اس بات پر فخر ہے کہ وہ ’’مضبوط اور مستحکم ای سی او کے لیے علاقائی تعاون کی بحالی‘‘ کے موضوع کے تحت علاقائی رہنماؤں کی میزبانی کررہا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان ایک نتیجہ خیز اجلاس کا منتظر ہے جس میں علاقائی تجارت کے فروغ، اقتصادی شراکت داریوں کو وسعت دینے اور نقل و حمل و تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔











