بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں  کے حوالے سے اجلاس، ڈسکوز کے ترقیاتی پروگراموں ، ٹرانسفارمرز پر اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کے لیے فنڈز کے انتظام کا جائزہ

6

اسلام آباد، 10 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ کی زیر صدارت اجلاس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے ترقیاتی پروگراموں اور تمام ڈسکوز کے ٹرانسفارمرز پر اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کے لیے فنڈز کے انتظام کا جائزہ لیا گیا، اسمارٹ میٹرنگ منصوبے کے لیے فنڈز کے انتظام میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔

احد چیمہ نے کہا کہ اسمارٹ میٹرز کی تنصیب سے بجلی چوری اور اووربلنگ کی روک تھام میں مدد ملے گی۔ ڈسکوز کی نجکاری کے بعد بھی اسمارٹ میٹرنگ منصوبے کو جاری رکھنے کے لیے ضروری انتظامات کیے جائیں گے جبکہ حکومت ایسا فریم ورک تیار کرے گی جس کے تحت نجی سرمایہ کار اس منصوبے کو آگے بڑھا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اسمارٹ میٹرنگ منصوبے میں صارفین، سرمایہ کاروں اور حکومت کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ ڈسکوز کے ترقیاتی پروگراموں کے لیے کثیرالجہتی شراکت داروں سے مذاکرات نجکاری کا عمل مکمل ہونے تک جاری رہیں گے جبکہ کسی بھی ڈسکو کی نجکاری کی صورت میں اس کے ترقیاتی پروگرام طے شدہ انتظامات کے تحت نجی سرمایہ کار کو منتقل ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نجکاری کے بعد بھی ڈسکوز کو نیپرا کے قوانین کے مطابق کام کرنا ہوگا۔ نجکاری کا مقصد اخراجات یا غیر ضروری دباؤ صارفین پر منتقل کرنا نہیں بلکہ ان کے مفادات کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس لغاری، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری اور متعلقہ وزارتوں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔