مظفرآباد،18 نومبر ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دورہ آزاد جموں و کشمیر کے دوران نو تعمیر شدہ رتھوعہ ہریام پل کی تختی کی نقاب کشائی کرکے پل کا افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف، آزاد جموں و کشمیر کے صدر ڈاکٹر محمد نجیب نقی اور آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم سید افتخار علی گیلانی بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ رتھوعہ ہریام پل کی تکمیل خطے میں ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ پل کی تعمیر سے میرپور اور گردونواح کے علاقوں کے درمیان آمدورفت میں آسانی پیدا ہوگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ منصوبے سے مقامی آبادی کو سفری سہولیات میسر آئیں گی اور علاقے میں تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ وفاقی حکومت آزاد جموں و کشمیر کی ترقی،خوشحالی اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔











