سنگاپور، 18 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کی ترقی، مالیاتی سہولیات تک رسائی میں بہتری، ڈیجیٹل مالیاتی شمولیت اور نجی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
سنگاپور میں عالمی ایس ایم ای فنانس فورم 2026 کے وزارتی مکالمے میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ بہتر مالیاتی سہولیات اور سازگار کاروباری ماحول کے ذریعے ملکی معیشت میں ایس ایم ایز کے کردار کو مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز کی پیداواری صلاحیت بڑھانے اور عالمی منڈیوں میں مسابقت کے لیے ورکنگ کیپیٹل اور طویل مدتی مالی معاونت کی فراہمی اہم ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ ایس ایم ایز کو مالی سہولیات کی فراہمی کے لیے روایتی ضمانتی نظام کے ساتھ ٹیکنالوجی اور ڈیٹا پر مبنی جدید مالیاتی حل اپنانے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں بینکوں، فن ٹیک کمپنیوں، ترقیاتی مالیاتی اداروں اور نجی سرمایہ کاروں کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا ایس ایم ای کنیکٹ پورٹل کاروباری اداروں کی رجسٹریشن اور مالی سہولیات تک رسائی میں معاون ثابت ہوگا۔ اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے قرض کی درخواستوں کی نگرانی، بینکوں کے جوابات میں شفافیت اور درخواستوں پر کارروائی کے عمل کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں، فن ٹیک، متبادل کریڈٹ اسیسمنٹ اور ڈیجیٹل قرضہ جات کے ذریعے ایسے کاروباروں کے لیے بھی مالی سہولیات تک رسائی آسان بنائی جا سکتی ہے جنہیں روایتی ضمانتیں فراہم کرنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔ انہوں نے ایس ایم ایز کی مالی معاونت کے لیے رسک شیئرنگ اور کریڈٹ گارنٹی کے طریقہ کار کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ سمیڈا چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو مالیاتی گوشواروں، بیلنس شیٹس اور کاروباری معلومات کی تیاری میں رہنمائی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ پاکستان اور سنگاپور کے مالیاتی ٹیکنالوجی کے ماحولیاتی نظام کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں، جن سے استفادہ کرتے ہوئے جدید مالیاتی خدمات کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ سنگاپور کے گلوبل فنانس اینڈ ٹیکنالوجی نیٹ ورک کے ذریعے مالیاتی ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔ ایس ایم ایز کی ترقی کے لیے بین الاقوامی مالیاتی اداروں، ترقیاتی مالیاتی اداروں اور عالمی سرمایہ کاروں کے ساتھ شراکت داری بھی اہم ہے۔
دریں اثنا، وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے سنگاپور فن ٹیک فیسٹیول 2026 میں اِگنائٹ کے پاکستان پویلین کا افتتاح کیا اور وہاں شریک پاکستانی فن ٹیک اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کی۔
اس موقع پر ٹیکس نرڈ پاکستان، پنگ اَپ، باغِ ای، فورٹینکسور ٹیکنالوجیز اور لینڈورس / طحہٰ ٹیکنالوجیز سمیت پاکستانی کمپنیوں کے نمائندوں نے وزیر خزانہ کو اپنی مصنوعات، خدمات اور جدید مالیاتی ٹیکنالوجی کے حل کے بارے میں بریفنگ دی۔
وزیر خزانہ نے سنگاپور فن ٹیک فیسٹیول میں اینٹ انٹرنیشنل کے پویلین کا دورہ بھی کیا، جہاں کمپنی کے نمائندوں نے انہیں اپنی خدمات اور مالیاتی ٹیکنالوجی کے جدید حل سے آگاہ کیا۔
محمد اورنگزیب نے ایس ایم ایز کی ترقی کے لیے جدت، بین الاقوامی شراکت داری اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک جامع، مسابقتی، ڈیجیٹل اور برآمدات پر مبنی ایس ایم ای نظام کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔











