اسلام آباد، 18 نومبر (اے پی پی): چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں تعلیم، ہنرمندی اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرکے قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا رہا ہے۔
نیشنل یوتھ سمٹ 2026 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی تعلیم، پیشہ ورانہ زندگی اور مقاصد کے ساتھ مخلص ہونا چاہیے کیونکہ کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے ذریعے نوجوانوں کو کاروبار اور زراعت کے شعبوں میں آگے بڑھنے کے لیے مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ ڈیجیٹل یوتھ ہب پاکستان بھی نوجوانوں کو ملکی اور بین الاقوامی کمپنیوں سے منسلک کرنے اور روزگار کے مواقع تک رسائی میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ حکومت نے پہلی نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کی منظوری دی ہے، جس کے تحت نوجوانوں اور خواتین کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے اور نئے کاروباروں کے قیام کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ گوگل، علی بابا اور این ویڈیا کے تعاون سے پاکستان کی پہلی مصنوعی ذہانت (اے آئی) پالیسی اور سیمی کنڈکٹر پالیسی متعارف کرائی گئی ہیں۔ آئندہ سال کو ایئر آف اسکلز قرار دیا گیا ہے تاکہ نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہنر فراہم کیے جا سکیں۔ یونیورسٹی طلبہ کے لیے ہنرمندی کے فروغ کو بھی خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ حکومت جلد نیشنل ایڈولیسنٹ اینڈ یوتھ پالیسی اور ای اسپورٹس پالیسی بھی متعارف کرانے جا رہی ہے۔ کھیلوں کے شعبے میں نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانے کے لیے فٹ بال، ہاکی اور ٹریک اینڈ فیلڈ میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام بھی شروع کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ اسکیم، دانش اسکولز اور ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے ملک بھر کے نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر تعلیمی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر لوئش اوبانی نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے تیزی سے بدلتے دور میں نوجوانوں کو مایوسی کے بجائے امید، مسائل کے حل اور مستقبل کی قیادت پر توجہ دینی چاہیے۔
یو این ایف پی اے کی کنٹری نمائندہ نے کہا کہ خواتین کی صلاحیتوں میں حقیقی سرمایہ کاری اور صنفی مساوات کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔
شفقت کاکا خیل نے کہا کہ پاکستان کی بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ان کے ساتھ مشاورت اور شمولیت کی بنیاد پر کیے گئے فیصلے ملک کے مستقبل کے تعین میں اہم کردار ادا کریں گے۔
نیشنل یوتھ سمٹ 2026 وزیراعظم یوتھ پروگرام، ایس ڈی پی آئی اور یو این ایف پی اے کے اشتراک سے منعقد ہوئی، جس میں ملک بھر سے نوجوانوں نے شرکت کی۔ سمٹ کے ذریعے نوجوانوں کی ترجیحات پر مبنی یوتھ ڈیمانڈ چارٹر حکومتی قیادت کو پیش کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔











