وفاقی وزیر رانا تنویر حسین سے برازیل کے سفیر کی ملاقات، زرعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

0

اسلام آباد، 18 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین سے بدھ کو یہاں برازیل کے سفیر اولینتھو ویئیرا  نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برازیل کے درمیان زرعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ دونوں ممالک نے زراعت، لائیو اسٹاک اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں باہمی اشتراک کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے بتایا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد کے دورۂ برازیل کی منظوری دے دی ہے اور یہ اعلیٰ سطحی وفد جنوری 2027 کے دوسرے ہفتے میں برازیل کا دورہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے مہینوں میں پاکستانی زرعی اور لائیو اسٹاک ماہرین بھی برازیل کا دورہ کریں گے جہاں وہ جدید زرعی طریقوں اور لائیو اسٹاک کی ترقی کے تجربات کا جائزہ لیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان برازیل کے جدید زرعی تجربات سے بھرپور استفادہ کرنا چاہتا ہے اور لائیو اسٹاک کی ترقی و گوشت کی پیداوار میں اضافے کے لیے برازیل کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔ ملاقات میں جانوروں میں منہ کھر کی بیماری (ایف ایم ڈی) کے تدارک کے لیے برازیل کے ساتھ تکنیکی تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

رانا تنویر حسین کا مزید کہنا تھا کہ زرعی پیداوار میں اضافہ اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ زرعی تحقیق اور ٹیکنالوجی کی منتقلی سے پاکستان کے زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر برازیل کے سفیر اولینتھو ویئیرا نے کہا کہ برازیل کے زرعی تحقیقی ادارے ایمبراپا نے جدید تحقیق اور جدت کے ذریعے زرعی شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں مقامی ضروریات کے مطابق کم لاگت زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ کی ضرورت ہے تاکہ کاشتکاروں کو براہ راست فائدہ پہنچ سکے۔