کوئٹہ۔03 اپریل ( اے پی پی )صدرمملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ دلی خواہش ہے کہ بلوچستان دیگر صوبوں سے بھی زیادہ ترقی کرے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ بلوچستان میں نئے شہر آباد کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہا کہ نئے شہر بسانے کا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں پہنچانا ہونا چاہئے۔ انہوںنے کہا کہ بلوچستان میں تعلیم کے فروغ کیلئے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ بات صدر ممنون حسین نے گورنر بلوچستان ہاﺅس بلوچستا ن کے پارلیمنٹرین سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوںنے کہا کہ سی پیک بلوچستان کے لئے سنہری موقع ہے۔ انہوںنے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں تعلیم حاصل کرکے بلوچستان کے نوجوان سی پیک میں نمایاں مقام حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بہت سے دیگر ممالک سی پیک میں شرکت کے خواہشمند ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان کی بدامنی میں غیرملکی طاقتوں کا بڑا ہاتھ تھا لیکن صوبے کے بہادر عوام کے سامنے تمام سازشیں دم توڑ چکی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ سیاست میں تبدیلیاں رونما ہوتی رہتی ہیں سیاست منجمد علم اور سائنس کا نام نہیں۔ تبدیلی اور اتار چڑھاﺅ سیاست کا حصہ ہے۔ انہوںنے کہا کہ منتخب نمائندوں کو چاہئے کہ صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے موثر پلاننگ کریں تاکہ لوگوں کو ترقی کے نئے مواقع مل سکیں۔ انہوںنے زور دیا کہ بلوچستان میں مزید نئے شہروں کو آباد کرنے کیلئے حکمت عملی وضع کی جائے تاکہ دور افتادہ علاقوں کے لوگوں کو بھی سہولتوں کی فراہمی میسر ہوسکے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی میں بیرونی عناصر ملوث ہے دشمن طاقتیں پاکستان میں ترقی کے سفر کو روکنے کیلئے سی پیک منصوبے کو ناکام بنانا چاہتی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ مستقبل کے چیلنز کا مقابلہ کرنے کیلئے ضروری ہے کہ جدید تحقیق پر مبنی علوم کی ترویج پر خصوصی توجہ دی جائے خاص طور پر خواتین کو ابتدائی تعلیم کے شعبے میں مزید بااختیار بنانے سے ملک میں معاشی طور پر خواتین کو مستحکم بنایا جاسکے گا۔ صدر مملکت نے بلوچستان میں پانی کے ذخائر محفوظ بنانے کیلئے نئے ڈیموں کی تعمیر جدید علوم اور بچیوں کے تعلیم کے فروغ پر زور دیا ۔(محمد بلال اعوان وی این ایس کوئٹہ )