تاجروں اور برآمد کنندگان کی آسانی کیلئے کام کر رہے ہیں: عمران خان

275

اسلام آباد، دسمبر17 (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں تجارت اور سرمایہ کاری سے خوشحالی آئے گی، تاجروں اور برآمد کنندگان کی آسانی کیلئے کام کر رہے ہیں-

 ماضی میں برآمدات اور تجارت بڑھانے پر کوئی توجہ نہیں دی، ہماری حکومت تاجروں اور برآمد کنندگان کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی، ملک میں پیدائش دولت کے مواقع بڑھانے اور کاروبار کرنے کیلئے آسانیاں پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں-

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی) کی 42ویں ایوارڈز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا سوچ میں تبدیلی پیدا کرکے اور ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر مقررہ اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں، چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو فروغ دیا جائے گا، حکومت نے ابتدائی چار ماہ کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے پر بھرپور توجہ دی جس کے نتائج جلد برآمد ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ خوشحالی اور ترقی کیلئے دولت پیدا کرنا اور جائز طریقہ سے کاروبار کرنا بہت ضروری ہے، جب پیدائش دولت میں اضافہ ہو گا تو ملک ترقی کرے گا اور زیادہ پیسہ تعلیم، پینے کے صاف پانی اور صحت کی سہولیات پر خرچ کیا جا سکے گا۔

عمران خان نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے دولت پیدا کرنے اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے سے متعلق سوچا ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ملک میں پیدائش دولت اور کاروبار کرنے میں آسانیاں پیدا کی جائیں، چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو مستحکم کرنے کیلئے حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

اے پی پی/ عمار برلاس

وی این ایس اسلام آباد