اسلام آباد، 19 دسمبر (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ماضی میں گورننس کی ناکامی، میرٹ کی نظر اندازی اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے جنوبی پنجاب پسماندگی کا شکار ہوا ۔ موجودہ حکومت جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرنے کیلئے پر عزم ہے۔
وزیراعظم آفس میں وزیر اعظم عمران خان سے بہاولپور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی نے ملاقات کی ،وزیراعظم نےممبران اسمبلی کو جنوبی پنجاب میں پانی کے مسئلے، خصوصی طور پر عوام کو صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے مرکزی اورصوبائی حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں تعلیم اور صحت عامہ کی سہولیات اور نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے ساتھ ساتھ روزگار کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی اور صوبہ بھر میں ترقی و خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوگا ۔
ممبران قومی اسمبلی نے وزیراعظم کی جنوبی پنجاب میں خصوصی دلچسپی پر شکریہ ادا کیا۔ ممبران نے وزیراعظم کو اپنے حلقوں میں عوامی مسائل ، ترقیاتی منصوبوں ،کسانوں کو درپیش مسائل ، تعلیم اور صحت کی صورتحال ، پانی کے مسئلے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کی فراہمی کے حوالے سے آگاہ کیا جبکہ وزیراعظم کی طرف سے ڈ ویژنل سطح پر ممبران اسمبلی کی کمیٹی کے قیام کا خیر مقدم کیا ۔ کمیٹی ضلعی سطح پر مقامی مسائل کا حل مقامی قیادت کی مشاورت اور عوام کی امنگوں کے مطابق صوبائی حکومت کی نگرانی یقینی بنائے گی ۔
ممبران قومی اسمبلی میں جناب محمد عبدالغفار وٹو ، جناب محمد فاروق اعظم خان ، مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی ،سید مبین احمد اور چوہدری جاوید اقبال شامل تھے ۔
اے پی پی /حمزہ رحمان /حامد بلال
وی این ایس اسلام آباد