لاہور،22 دسمبر(اے پی پی ) : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ٹیکسٹائل انڈسٹری کی ترقی اور بہتری کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے ملک میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا تو ہم نچلے طبقے کی مدد کر سکتے ہیں ۔
آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے وزیر اعظم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرا عظم نے کہا کہ پاکستان نے اگر اپنا گورننس سسٹم ٹھیک کر لیا تو یہ ترقی کی اڑان بھر لے گا، ماضی میں پیسہ کے عوض ہم دوسروں کی جنگیں لڑتے رہے ہیں ایران اور سعودی عرب کے تعلقات میں بہتری کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ممکنہ وسائل سے ان کیلئے ہر ممکن آسانیاں پیدا کریں گے تا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری ترقی کرے ، اس سے نہ صرف برآمدات میں اضافہ ہو گا بلکہ روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ہمیں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا سامنا تھا جس کے لئے دوست ممالک سے امداد لینا پڑی،وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کہ وہ پاکستان کو ایک خوددار ملک دیکھنا چاہتے ہیں ،ماضی میں پاکستان کی دنیا کے دوسرے ممالک میں بہت عزت تھی، اتنے مشکل حالات نہیں تھےخطے میں پاکستان کی بجائے دوسرے ممالک ترقی میں ہم سے آگے نکل گئے
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملک میں 40فیصد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے، ہمیں ایسے طبقے کی غربت کم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہے ،وزیراعظم نے کہا کہ چین نے 70کروڑ افراد کو 30برسوں میں غربت سے نکالا ٗ ملک میں سرمایہ کاری میں اضافہ سے ہی ہم نچلے طبقے کی مدد کر سکتے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ،سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان،صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید،صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال، پی ٹی آئی رہنما جہانگیر خان ترین ،اپٹما گروپ لیڈر گوہر اعجاز ، چیئرمین اپٹماشیر علی احسان سابق مشیر خزانہ ڈاکٹر سلمان شاہ ،سابق چیئرمین پی سی بی ڈاکٹر ذکاء اشرف سمیت تاجر برادری کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
اے پی پی/وی این ایس /شاہ زیب
وی این ایس لاہور