موثر زرعی پالیسیوں اور مفید طریقہ کار سے کم وسائل میں بہتر کاشت کاری کی جا سکتی ہے صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی کا رائس ایکسپورٹرزایوارڈ کی تقریب سے خطاب

320

کراچی۔ 28 دسمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ موثر زرعی پالیسیوں اور مفید طریقہ کار سے کم وسائل میں بہتر کاشت کاری کی جا سکتی ہے، پانی کے وسائل کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے زرعی اجناس کی فی ایکڑ پیداوار کو بڑھانا ہوگا۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو رائس ایکسپورٹرز ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ رائس ایکسپورٹرز ایوارڈ کا انعقاد اچھا اقدام ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ زراعت پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں زرعی اجناس کے معیاری بیجوں کی عدم فراہمی کی وجہ سے زرعی شعبے مٰیں مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو رہے اگر کاشت کاروں کو زرعی اجناس خصوصاً چاول، گندم اور کپاس کے اچھے بیج فراہم کئے جائیں تو پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف اجناس کے بیجوں کی تیاری اور فراہمی کے لئے ’’سیڈ بینک‘‘ کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں تحقیق اور میکنزائڈ فارمنگ کے ذریعے زرعی اجناس کی کاشت اور پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کا چاول دنیا بھر میں پہنچان رکھتا ہے چاول کی ایکسپورٹ بڑھانے کے لئے برآمد کنندگان کو سہولتیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد رائس ایکسپورٹرز کے نمائندہ وفد سے اسلام آباد میں ملاقات کریں گے۔ صدر مملکت نے چاول کی برآمدات میں رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے کردار کو سراہا۔ تقریب میں صدر مملکت نے چاول کے برآمد کنندگان عبد الرحیم جانوں، علی حشام اصغر، اشفاق عبدالغفار اور دیگر کو ایوارڈ دئیے جبکہ ایم ایس عامر رائس، غنی سنز اور حسن کارپوریشن سمیت دیگر کمپنیوں کو ایکسپورٹ ٹرافیاں دیں۔