پشاور، 2جنوری (اے پی پی): خیبر پختونخوا کابینہ نے سرکاری اداروں میں کام کرنے والی خواتین کی ہراسمنٹ روکنے کے لیے قانون میں ترمیم اور ماس ٹرانزٹ کے لئے علیحدہ ایکٹ کی منظوری دے دی جبکہ کابینہ کا آئندہ اجلاس ضلع خیبر میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے بتایا کہ صوبائی کابینہ نے صوبائی محتسب کے عارضی ملازمین کیلئے کنٹریکٹ معیاد میں مزید توسیع دے دی جبکہ چترال کیلئے گیس کی سپلائی کے حوالے سے بھی اجلاس میں غور کیا گیا ۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ صوبے میں کوئی بھی ضلع سیاسی بنیادوں پر نہیں بنے گا ،اسکے لئے ایک الگ کمیٹی بنائی جائے گی، ، صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے فاٹا ہاؤس اسلام آباد کو برقرار رکھیں گے ،
انھوں نے بتایا کہ صوبائی کابینہ نے پشاور ہائیکورٹ اور سیشن ججز کیلئے گاڑیوں کی منظوری بھی دے دی ہے جبکہ سوات موٹر وے کا انتظام موٹر وے پولیس کے حوالے کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔
اے پی پی/صائمہ حیات/طاہرمحموداعوان
وی این ایس پشاور