اسلام آباد، جنوری 14 (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور تمام شعبوں میں ان تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
ایوان صدر میں گورنر تبوک شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز السعود سے گفتگو میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی میں گرانقدر خدمات انجام دے رہے ہیں، پاکستانی برادری سعودی عرب وژن 2030ءمنصوبوں میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ قیادت کی سطح پر حالیہ ملاقاتوں سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کو تیز کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان حرمین شریفین کے تحفظ کے لئے بدستور پرعزم ہے۔
گورنر تبوک نے کہا کہ سعودی عرب کے عوام اور حکومت پاکستان کی حکومت اور عوام کا بہت احترام کرتے ہیں،مضبوط برادرانہ تعلقات کی بنیادی وجہ عوامی سطح پر قریبی روابط اور پاکستانی برادری کی سعودی عرب کی ترقی اور خوشحالی میں خدمات اور کردار ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ برادرانہ تعلقات مستقبل میں مزید فروغ پائیں گے۔
اے پی پی / عمار برلاس /حامد
سورس: وی این ایس اسلام آباد