پیپلز پارٹی کو وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو تبدیل کر دینا چاہیے،گورنر راج کا کوئی امکان نہیں :وفاقی وزیر اطلاعات

210

کراچی۔ 16 جنوری (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے پاس موقع ہے کہ وہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو تبدیل کر دیں بصورت دیگر سندھ میں اتحادی جماعتوں کے تعاون سے صوبائی حکومت میں تبدیلی لائیں گے۔

انڈس موٹرز کمپنی کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری فواد حسین نے کہا کہ سندھ کی صوبائی حکومت کو تبدیل کرنے کے لئے بنیاد رکھ دی گئی ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس تاحال موقع ہے کہ وہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو خود تبدیل کر دے، سندھ میں گورنر راج کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس کا کوئی امکان نہیں ، پاکستان تحریک انصاف جمہوری تبدیلی پر یقین رکھتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم پاکستان ) کی مشاورت سے مالیاتی بل میں کراچی کے لئے خصوصی ترقیاتی پیکیج شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت شہر کی ترقی کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔اس موقع پر چوہدری فواد حسین  کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کے بعد آصف زرداری کا سیاسی کیریئر خاتمہ کے قریب ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے انڈس موٹرز کمپنی کے پلانٹ کا دورہ کیا۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی اصغر جمالی نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کو کمپنی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی حلیم عادل شیخ بھی موجود تھے۔

اے پی پی/وی این ایس /شاہ زیب

وی این ایس کراچی