ترجمان حکومت پنجاب کی مریم اورنگزیب سے ملاقات

530

 


اطلاعات کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فلم کے جدید تخلیقی ذریعہ کو اپنی ثقافت ،ورثہ ،روایات اور سکرین ٹورازم کی ترویج کیلئے استعمال کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،اچھی فلموں سے جمہوری ، پر امن ،روشن خیال اور اجتماعی معاشرے کی بہترین تصویر کشی کی جا سکتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترجمان حکومت پنجاب ملک محمد احمد سے یہاں جمعہ کو ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں فلم ، پروڈکشن، براڈکاسٹنگ پالیسی اور فلمی صنعت کی بحالی کے حوالے سے وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایات اور اعلان کردہ پیکیج پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر مملکت نے کہا کہ موجودہ حکومت دیگر اداروں کی طرح فلمی صنعت کی بحالی کے لیے کوشاں ہے، وزیراعظم پیکیج کے تحت نیشنل فلم اینڈ براڈ کاسٹنگ کمیشن اور نیشنل فلم انسٹیٹیوٹ اور اکیڈمی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ فلمی صنعت کی بحالی قوم کو تفریح کے مواقع فراہم کرنے اور منفی رجحانات کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کریگی،گذشتہ کئی برسوں کی دہشت گردی کی عفریت نے پاکستان کا روشن اور حقیقی چہرہ مسخ کرنے کی مذموم کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ جلد ہی لاہور میں وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی صدارت میں فنکاروں اور فلمی صنعت سے وابستہ شخصیات سے مشاورت کا ایک اور دورہو گا۔سیشن میں وزیراعظم کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات اور پیکیج کو فلمی صنعت سے منسلک شخصیات اور فنکاروں کے سامنے پیش کیا جائیگا۔
ملک محمد احمد نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف فلم ایک موثر اور بہترین ذریعہ ہے۔صوبائی حکومت پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ اور فلمی صنعت کی بحالی کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔
ا پ پ ناہید ا ن م

وی این ایس،اسلام آباد