تحریک انصاف نے 100دن میں نئے پاکستان کی بنیادرکھ دی ، پاکستان کے اقتصادی مسائل کے حل کی جانب بڑھ رہے ہیں: وفاقی وزیراطلاعات

285

لندن،07 دسمبر(اے پی پی): وفاقی وزیراطلاعات چودھری فوادحسین نے لندن میں  میڈیا  کے نمائندوں  سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے 100دن میں نئے پاکستان کی بنیادرکھ دی ہے حکومت نے 90دن میں پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی قائم کی،  اب نا صرف یواے ای اور سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ  کاری کررہے ہیں بلکہ  امریکی اوربرطانوی کمپنیاں بھی پاکستان میں سرمایہ کررہی ہیں، پنجاب میں بندہونے والی ٹیکسٹائل ملز دوبارہ فعال ہوں گی۔ چودھری فوادحسین نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کا معاشی چارٹ بڑا واضح ہے ہم پاکستان کے اقتصادی مسائل کے  حل کی جانب بڑھ رہے ہیں مسقبل میں  پاکستانیوں کو بیرون ملک نوکریوں کیلئے جانے کی ضرورت نہیں پڑیگی،وفاقی وزیر نے کہا کہ مفتاح اسماعیل کی ڈالر کنٹرول پالیسی سے متفق نہیں ہیں۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات  کا مزید کہنا تھا کہ خطے میں امن ہوگا تو غربت کے خاتمے میں مددملے گی،  حکومت منی لانڈرنگ کے تدارک کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ چوہدری  فواد حسین نے  کہا کہ ضرورت پڑنے پر اٹھارویں ترمیم میں تبدیلی لائی جاسکتی ہے،اٹھارویں ترمیم کے زریعے  100 سے زائد ترامیم کی گئیں، جب تک  پی ٹی آئی ، مسلم لیگ ن اور پی پی پی اکٹھی نہیں ہوتیں ،آئینی ترامیم نہیں ہوسکتیں۔

وزیر اطلاعات نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے ٹربیونل کی تجویز دی۔

اے پی پی /ناہید/شاہ زیب

وی این ایس اسلام آباد