طلباء حضور پاکﷺ کی حیاتِ مبارکہ کے بارے میں تعلیم حاصل کریں: عمران خان

225

اسلام آباد، 11 دسمبر (اے پی پی): وزیرِاعظم عمران خان نے پاکستان کو ریاست مدینہ کے اصولوں پر چلانے کے عہد کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالب علموں کیلئے ضروری ہے کہ وہ دنیا کے سب سے عظیم رہنما حضور پاک کی حیاتِ مبارکہ کے بارے میں تعلیم حاصل کریں- انہوں نے یہ بات منگل کو کیڈٹ کالج مستونگ کے طلباءسے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے وزیرِ اعظم آفس میں وزیر اعظم  سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں طلباءکی جانب سے مختلف موضوعات پر وزیرِاعظم سے بات چیت کی گئی۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئےوزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں یکساں اور معیاری نصابِ تعلیم رائج کرنے کیلئے کوشاں ہیں، بلوچستان کی تعمیر و ترقی بالخصوص طالب علموں کو تعلیم کے مواقع کی فراہمی اور وظائف دے کر تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے میں مدد کی جائے گی۔

 وزیراعظم نے کہا کہ انسان کی پہچان، اس کے ارادوں اور اس کی سوچ سے ہوتی ہے، جو انسان جتنے بڑے خواب دیکھتا ہے، جتنے بڑے چیلنجز قبول کرتا ہے وہ اتنا ہی بڑا انسان ہوتا ہے، ہر چھوٹی کامیابی انسان کو بڑی کامیابیوں کےلئے تیار کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسان جب تک محنت جاری رکھتا ہے وہ اتنا ہی بڑا شخص بنتا جاتا ہے، انسان ہارتا اس وقت ہے جب وہ ہار مان لیتا ہے، اچھا اور برا وقت زندگی کا حصہ ہوتے ہیں، برا وقت انسان کو سبق سکھاتا ہے۔

 

اے پی پی / عمار برلاس /حامد بلال

وی این ایس اسلام آباد