حکومت ملک میں کاروبار کرنے میں آسانی اور سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے کیلئے پرعزم ہے: وزیراعظم

284

اسلام آباد، 11 دسمبر (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان ملک میں کاروبار کرنے میں آسانی اور سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے کیلئے پرعزم ہے-منگل کو ہونے والی ملاقات میں پاکستان کے ڈیری کے شعبہ کی ترقی کے حوالے سے مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا

فرائیزلینڈ کمپینا ہالینڈ کی کثیر الملکی ڈیری کمپنی ہے جو 34 ممالک میں اپنی موجودگی کے ساتھ دنیا کی چھٹی سب سے بڑی کمپنی ہے۔فرائیزلینڈ کمپینا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیئن شومیکر نے وزیراعظم کو ڈیری اور لائیو سٹاک فارمنگ کے شعبہ میں کمپنی کے 145 سالوں پر محیط وسیع تجربہ اور پاکستان میں غذائی تحفظ کے فریم ورک کی تشکیل کے حوالے سے ممکنہ معاونت کے بارے میں آگاہ کیا۔

ہیئن شومیکر نے کہا کہ پاکستان کے ڈیری کے شعبہ میں وسیع صلاحیت کے پیش نظر فرائیزلینڈ کمپینا یہاں غذائیت اور پیداوار کے حوالے سے ٹیکنالوجی اور بہترین طریقوں کو متعارف کرواتے ہوئے اپنے کاروبار کو مزید وسعت دینے کی خواہاں ہے۔

وزیراعظم نے فرائیزلینڈ کمپینا اور اینگرو فوڈز کی جانب سے پاکستان میں اپنے کاروبار کو وسعت دینے میں دلچسپی کو سراہا۔

اے پی پی / عمار برلاس/شاہ زیب

وی این ایس اسلام آباد