ژنگ وا نیوز ایجنسی کے ایشیا پیسیفک ریجن کے سربراہ کا اے پی پی ہیڈکوارٹر کا دورہ

325

اسلام آباد ، دسمبر 24(اے پی پی ): چائنہ کی ژنگ وا نیوز ایجنسی کے ایشیا پیسیفک ریجن کے سربراہ سن یونگ نے آج اے پی پی ھیڈکوارٹر اسلام آباد کا دورہ کیا ۔ اے پی پی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اختر منیر ڈائریکٹر نیوز شفیق قریشی ، ڈائریکٹر ویڈیو نیوز سروس بلال تھہیم ، ڈائریکٹر آئی ٹی غواث خان اور دیگر اعلی عہدیداران نے سن یونگ کا استقبال کیا اور اے پی پی کے مختلف شعبوں اور کام کے بارے میں آگاہ کیا ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اختر منیر نے اے پی پی اور ژنگ وا نیوز ایجنسی ، چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل اور چائنہ سینٹرل ٹیلی ویڑن کے مابین مشترکہ منصوبوں اور خبروں کے تبادلے کے حوالے سے امور میں دلچسپی کا اظہار کیا ۔

سن یونگ نے چین اور پاکستان کے خبررساں اداروں ژنگ وا اور اے پی پی کے درمیان پہلے ہی موجودہ تعاون کو مزید فروغ دینے میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے ژنگ وا نیوز ایجنسی  اور اے پی پی کے  مابین  1964 میں ہونے والے پہلے نیوز ایکسچینج معاہدے کو جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی۔

انہوں نے چائنہ پاکستان اقتصادی کوریڈور جیسے منصوبوں کی مشترکہ کوریج ، ژنگ وا نیوز ایجنسی کی خبروں کے اردو زبان میں ترجمہ اور دو نوں نیوز ایجنسیوں کے درمیان ویڈیو فوٹیج کا تبادلہ سے متعلق امور پر تجاویز دیں ۔

 سن یونگ نے مزید کہا کہ میڈیا کے شعبے میں مضبوط تعاون کے زریعے دونوں ممالک کے عوام کے رابطوں کو فراغ دیا جا سکتا ہے ۔

اے پی پی/ سعیدہ/شاہ زیب

وی این ایس