بھارت مقبوضہ کشمیر کھو رہا ہے، شاہ محمود قریشی کی وائس آف امریکہ سے خصوصی گفتگو

93

میونخ ( جرمنی)، 16 فروری (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت اپنی غلط پالیسیوں اور رویے کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کھو رہا ہے۔

جرمنی میں وائس آف امریکہ سے  پلوامہ میں ہونے والے واقعہ پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ  بھارت کو خود دیکھنا چاہیے کہ مقبوضہ کشمیر میں عوام کے احتجاج کی وجوہات کیا ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج قابض ہے پاکستان ہزاروں کی تعداد میں خواتین کو مقبوضہ وادی میں سڑکوں پر نکلنے پر مجبور نہیں کرسکتا۔ انہوں نے پاکستانی موقف کی وضاحت کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا مقبوضہ کشمیر میں جنازوں کے اٹھنے کا انتظام  پاکستان کرتا ہے؟

وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نالاں ہیں وہ اپنی مرضی اور منشا سے احتجاج کیلئے نکلتے ہیں۔وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پلوامہ میں جانی نقصان پر صدمہ ہوا۔یہ افسوسناک واقعہ جس میں جانیں ضائع ہوئیں،  لوگ زخمی ہوئے یہ ہمارا ایجنڈا نہیں ہے۔اس واقعے کے بعد ہندوستان نے بغیر تحقیق کے ردعمل دیا۔ہندوستان ماضی میں بھی بغیر تحقیق کے الزام تراشی کرتا رہا ہےمگر بے بنیاد الزام تراشیوں سے نا ماضی میں کچھ حاصل ہوا  نہ مستقبل میں  حاصل ہو گا۔اگر ہندوستان کے پاس ثبوت ہے تو پیش کریں پاکستان تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔

وزیر خارجہ نے اس بات کو دہرایا کہ پاکستان کو سفارتی طور پر تنہا کرنے کی بھارت کی خام خیالی ہے۔بھارت اس میں ماضی میں بھی ناکام ہوا ہے اور مستقبل میں بھی ناکامی کا سامنا کرے گا۔

اے پی پی /حمزہ /عمار برلاس/فاروق

وی این ایس میونخ