وزیراعظم عمران خان کا نئی ایوی ایشن پالیسی 2019کے مسودے پر اظہار اطمینان

238

 

اسلام آباد، 15مارچ (اے پی پی): سیکریٹری ایوی ایشن شاہ رخ نصرت نے پی ایم آفس اسلام آباد میں جمعرات کو نئی ایوی ایشن پالیسی پر وزیراعظم عمران خان کو تفصیلی بریفنگ دی، وزیر اعظم نے نئی ایوی ایشن پالیسی 2019کے مسودے پر اطمینان کا اظہار کیا اور پالیسی کے مسودے کو وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔

ترجمان پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق اجلاس میں نئی پالیسی کے لاگو ہونے کے بعد فضائی سفر کے نرخوں میں کمی کی توقع کا اظہار بھی کیا گیا اور خواتین پائلٹس کو ٹریننگ کی مد میں سی اے اے کی جانب سے چار لاکھ روپے تک کی مالی معاونت کی سفارش کی گئی ہے۔

ایوی ایشن پالیسی 2019میں لائسنس کی ایک نئی قسم ٹورزم پروموشن اینڈ ریجنل انٹیگریشن (ٹی آر پی آئی) لائسنس متعارف کرائی جارہی ہے،مذکورہ نئے لائسنس کے تحت چلنے والی فلائٹس پر سی اے اے کے چارجز ختم کرنے کی تجویز بھی پالیسی میں شامل کی گئی ہے، تجارتی ائیر لائنز اور دیگر آپریٹرز کے لائسنس کی معیادایک سال سے بڑھا کر دو سال کرنے کی تجویز اور پائلٹس و کیبن کریو کے لائسنس کی معیاد ایک سال سے بڑھا کرپانچ سال کرنے کی تجویز بھی پالیسی میں شامل ہے ۔

وفاقی وزیر ہوا بازی محمد میاں سومر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق بھی اجلاس میں موجود تھے

سورس: وی این ایس اسلام آباد