مدینہ منورہ کی اسلامک یونیورسٹی میں آٹھویں بین الاقوامی کلچرل فیسٹول کا آغاز ہو گیا

228

مدینہ،15مارچ(اے پی پی ):مدینہ منورہ کی  اسلامک یونیورسٹی میں آٹھویں بین الاقوامی کلچرل فیسٹول کا آغاز ہو گیا  ہے،فیسٹول میں پاکستان سمیت اسی ممالک کے پانچ سو طلباء شریک  ہیں جنہوں  نے  اپنے اپنے  ممالک کے ثقافتی سٹال لگائے ہیں۔

ثقافتی سٹالوں  پر طلباء نے اپنی تہذیب و ثقافت کو بڑی خوبصورتی کے ساتھ پیش کیا اپنے ملک کا تعارف اس کی تاریخ مسلمانوں کا تناسب ملک میں تعمیر وترقی کی رفتار اور تاریخی مقامات کے علاوہ سیاحتی مقامات کے ماڈلز سجائے گئے ہیں۔ کلچرل فیسٹول میں شاعری، تقاریر کے مقابلوں کے علاوہ روایتی کھانے بنانے کے مقابلے بھی منعقد کیے جا رہے ہیں اس کے علاوہ بچوں کے ذہنی آزمائش کے پروگرام بھی ترتیب دئیے گئے ہیں۔

بین الاقوامی کلچرل فیسٹول کے شرکاء سے  پاکستانی سٹال کے انچارج وقار احمد سندھی نے پاکستان کا تعارف کرواتے ہوئے صوبوں کی ثقافت اور پاک سعودی تعلقات پر روشنی ڈالی۔

یاد رہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے اسی فیسٹول میں  پاکستانی سٹال کو پہلی پوزیشن ملتی رہی ہے۔

سورس:وی این ایس، مدینہ منورہ