تجارت بڑھانے کیلئےیورپی یونین کی طرف سے دی گئی رعائیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے: شاہ محمود قریشی

277

 

اسلام آباد ، 25 مارچ (اے پی پی): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت برآمدات کے فروغ اور تجارتی خسارے میں کمی کیلئے پرعزم ہے، جی ایس پی پلس سٹیٹس ملنے سے پاکستان کی برآمدات دگنا ہوگئیں، یورپی یونین ملکوں سے برآمدات میں اضافہ اور تجارت بڑھ رہی ہے، یورپی یونین کی طرف سے دی گئی رعائیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

وزارت خارجہ میں یورپی یونین امور خارجہ کی سربراہ فیڈریکا مورگینی کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فیڈریکا مورگینی کے ساتھ انتہائی مثبت اور مفید بات چیت ہوئی، باہمی تعلقات اور تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، یورپی یونین اور تحریک انصاف کی حکومت کی پالیسیوں میں مماثلت پائی جاتی ہے۔

 انہوں نے کہاکہ مذاکرات میں پاکستان یورپی یونین تعاون کے فروغ پر بات ہوئی، یورپی یونین سے نیشنل ایکشن پلان، انتہا پسند اور مختلف شعبوں میں ملکر کام کرنے پر بات چیت ہوئی،مذاکرات کے دوران افغانستان امن عمل کے حوالہ سے بھی گفتگو ہوئی،یورپی یونین کو افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار سے آگاہ کیا اور یورپی یونین سے بھارت کے ساتھ موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

 انہوں نے  مزید کہاکہ بھارت سے تمام تصفیہ طلب امور صرف مذاکرات سے حل ہوسکتے ہیں، پاک بھارت جنگ سے کسی بھی مسئلے کا حل ممکن نہیں، پاکستان نے بھارت کے ساتھ کشیدگی میں کمی کیلئے اقدامات کئے، یورپی یونین سے ویزہ، سیاحت اور دیگر امور پر بھی بات چیت ہوئی، پڑوسی ملک ایران سے تعلقات پاکستان کیلئے اہم ہیں۔

 شاہ محمود قریشی نے کہاکہ دنیا میں اسلامو فوبیا کا پھیلنا انتہائی تشویشناک ہے، نیوزی لینڈ واقعہ میں 9 پاکستانی بھی شہید ہوئے، نیوزی لینڈ واقعہ پر ان کی وزیراعظم کے اقدامات قابل ستائش ہیں، انہوں نے ثابت کیا کہ مشکل حالات سے کیسے نمٹا جاتا ہے۔

اس موقع پر یورپی یونین کی امور خارجہ کی سربراہ فیڈریکا مورگینی نے کہا کہ پاکستان میں استقبال اور مثبت بات چیت پر خوشی ہے، پاکستان اور یورپی یونین کے سٹریٹجک مذاکرات کا یہ چوتھا دور تھا، پاکستان سے مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق ہوا، معاہدے پر دستخط کیلئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا برسلز آمد پر خیرمقدم کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ غربت کے خاتمے اور دیگر حکومتی ترجیحات میں پاکستان کے ساتھ تعاون کریں گے، پاکستان کو یورپی مارکیٹوں میں ہرممکن رسائی فراہم کر رہے ہیں، پاکستان کی حکومتی ترجیحات کی مکمل حمایت کرتے ہیں، پاکستان کی جانب سے بڑی تعداد میں افغان مہاجرین کو گزشتہ کئی دہائیوں سے پناہ دینا قابل تحسین ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت سے کشیدہ صورتحال میں کمی کیلئے پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے، پاکستان نے علاقائی امن و استحکام کیلئے دہشت گردی کے خلاف اقدامات کئے، یورپی یونین انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف پاکستانی اقدامات کی حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیوزی لینڈ واقعہ میں جاں بحق پاکستانیوں کے لواحقین سے ہمدردی ہے، دنیا میں کسی بھی جگہ عبادت گاہوں پر حملہ انتہائی قابل افسوس ہے، دنیا میں اسلامو فوبیا کا پھیلنا سب کیلئے خطرہ ہے، تمام معاشروں کو ان خطرات سے بچانے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے،یورپی یونین نے ترکی میں ہونے والے حالیہ او آئی سی اجلاس میں بھی اسلامو فوبیا پر بات کی۔ اسلامو فوبیا سمیت کسی بھی مذہب پر حملے ناقابل برداشت ہیں، دنیا میں کسی کو حق نہیں کہ کسی مذہب سے تعلقات رکھنے والوں کو نقصان پہنچائیں، یورپی یونین دنیا میں مثبت اقدار کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔

وی این ایس اسلام آباد