نئے لوکل گورنمنٹ نظام  کے قیام کا مقصد مقامی سطح پرلوگوں کو بااختیار بنانا ہے :وزیر اعظم عمران خان

336

اسلام آباد، 25مارچ ( اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری حکومت خیبر پختونخواہ میں نیا لوکل گورنمنٹ نظام متعارف کرانے جا رہی ہے، نئے لوکل گورنمنٹ نظام  کے قیام کا مقصد مقامی سطح پرلوگوں کو بااختیار بنانا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت صوبہ خیبر پختونخواہ میں نیا لوکل گورنمنٹ نظام متعارف کرانے کے سلسلے میں پیش رفت پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نئے لوکل گورنمنٹ کے نظام کے خدوخال اور مجوزہ نظام کو حتمی شکل دینے پر غور کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نئے لوکل گورنمنٹس کے قیام کا مقصد مقامی سطح پرلوگوں کو بااختیار بنانا ہے تاکہ تعمیر و ترقی کے فیصلے مقامی سطح پرطے پائیں۔ مقامی لوگ اپنے مسائل بہتر طریقے سے سمجھتے اور حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ماضی میں خیبر پختونخواہ میں ویلیج کونسلز کے قیام کا تجربہ بہت کامیاب رہا   اس نظام کو مزید بہتر بنا کر عوام کو مقامی سطح پر بااخیتار کیا جائے گا۔

عمران خان  نے مزید کہاکہ بدقسمتی سے انتظامی ڈھانچہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ رہا ہے۔ انتظامی ناکامی کی وجہ سے ملک میں اکثر مقامات پر شہری صحت، تعلیم ، صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولتوں سے محروم رہتے ہیں ۔ نئے نظام میں عوامی نمائندوں کو اختیار دےکر اس قابل بنایا جائے گا کہ وہ اپنے علاقوں کے مسائل مقامی سطح پر حل کر سکیں۔وزیرِ اعظم نے نئے لوکل نظام کو آئندہ ایک ماہ میں تمام ضروری مراحل مکمل کرکے ناٖفذ العمل کرنے  کی  ہدایت بھی  کی۔

 اجلاس میں گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان، وزیرِ اعلیٰ محمود خان، وزیرِ اعظم کے مشیر محمد شہزاد ارباب، معاون خصوصی افتخار درانی، صوبائی وزراء شہرام خان تراکائی، سلطان خان، تیمور سلیم جھگڑا، حشام انعام اللہ، عاطف خان اور متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کے افسران نے شرکت کی۔

وی این ایس، اسلام آباد