قومی اسمبلی کی پہلے پارلیمانی سال کی کارکردگی رپورٹ جاری،9 ماہ میں 8 حکومتی ،ایک  نجی بل منظور

263

اسلام آباد،24 مئی (اے پی پی):قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے پہلے پارلیمانی سال کی اب تک کی  کارکردگی رپورٹ جاری کر دی  گئی ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اعداد و شمار کے مطابق 13 اگست 2018 کو شروع ہونے والی 15 ویں اسمبلی کے اب تک 9 سیشن ہو چکے ہیں، ان  9 سیشنز کے دوران 89 دن تک اسمبلی کی کارروائی چلائی گئی۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے حکومت کے مقابلے میں اپوزیشن کو زیادہ بات کرنے کا موقع فراہم کیا۔اپوزیشن ارکان  کو مجموعی طور پر 48 گھنٹے 21 منٹ کا وقت دیا گیا،جبکہ اپوزیشن کے مقابلے میں حکومتی ارکان کو 35 گھنٹے 19 منٹ کا  وقت ملا۔

گزشتہ 9 ماہ کے دوران قومی اسمبلی میں 23 حکومتی اور 47 نجی بل پیش کیے گئے،جن میں سے  8 حکومتی اور  ایک  نجی بل منظور کیا گیا۔ علاوہ ازین رواں سال کے دوران قومی اسمبلی میں 22 قرداددیں منظور کی گئیں،جن میں حضور ﷺ کی یوم ولادت پر خراج عقیدت پیش کرنے ، انسانی حقوق، بچوں کے عالمی دن کے حوالے سے  اور بھارتی جارحیت کے خلاف قرارداد دیں شامل ہیں۔

علاوہ ازیں قومی اسمبلی میں 1071 سوالات کے جوابات پیش کئے گئےاور 85 توجہ دلاؤ نوٹسز اجلاس کی کارروائی میں شامل کیے گئے۔

وی این ایس ،اسلام  آباد