صدر مملکت ممنون حسین سے ملتان کے اراکینِ پنجاب اسمبلی کی ملاقات

362

اسلام آباد فروری 16 (اے پی پی): صدر مملکت ممنون حسین نے سیاسی کارکنوں پر زور دیا ہے کہ وہ عام لوگوں کے ساتھ رابطہ رکھیں، انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سیاسی کارکن لوگوں کے مسائل کے حل بالخصوص پینے کے صاف پانی ، صحت کی سہولیات اور معیار تعلیم کی فراہمی کے لئے تمام تر کوششیں کریں ۔

صدرمملکت نے یہ بات ملتان سے صوبائی اسمبلی کے اراکین کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی ۔وفدکی قیادت ایم پی اے رانا محمود الحسن کررہے تھے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ سیاسی کارکنوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو ملکی حقیقی صورتحال سے آگاہ رکھیں اور غیر سنجیدہ اور غیر ذمہ دار عناصر کو بے نقاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی کارکنوں کو عوام میں بدعنوانی کی لعنت کے خاتمے کے لئے شعور پیدا کرنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام  قومی وسائل کے تحفظ کے لئے متحد رہیں۔

صدر ممنون حسین نے پھلوں اور فصلوں سمیت زرعی پیداوار میں اضافہ کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا اور اس بات کو سراہا کہ بہتر پراسیسنگ اور انتہائی معیاری آموں کی پیداوار کے باعث آموں کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے ۔ صدر نے کہا کہ پیداوار میں اضافے کے لئے زرعی فصلوں کے ضیاع کو  روکنے کے لئے جدید زرعی ٹیکنالوجی استعمال کی جائے۔ وفد اراکین صوبائی اسمبلی ملک مظہر عباس رانا ، رائے منصب علی خان ، رانا طاہر شبیر ، سلطانہ شاہین ، رانا شاہد الحسن اور سابق ڈپٹی میئر ملتان محمد نعیم رفیق پر مشتمل تھا۔

 

وسیم/اے

وی این ایس اسلام آباد

پی پی