اسلام آباد، مارچ ۶۰(ا پ پ): اطلاعات کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے سائنس و ٹیکنالوجی کی صلاحیت کو پوری طرح بروئے کار لانے کی ضرورت پرزوردیا ہے۔
پیر کے روز اسلام آباد میں پائیدار ترقیاتی اہداف کے بارے میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے
وزیر مملکت نے کہا کہ ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے معاشرے میں آگاہی ،تعلیم اور شعور کی بیداری اشد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ خصوصاً ریڈیو پاکستان زیادہ سے زیادہ رسائی ہونے کی حیثیت سے اس حوالے سے اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ منصوبہ بندی اورترقی کی وزارت نے پائیدار ترقیاتی اہداف سے متعلق یونٹ تشکیل دئیے ہیں جو ان اہداف کے حصول کے لئے اہم کردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبوں میں بھی ایسے یونٹوں کی تشکیل کا عمل جاری ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں مربوط حکمت عملی کے ساتھ پائیدار ترقیاتی اہداف کے بارے میں نمایاں کام کیاگیا ہے۔
اےپی پی /ناہید ا ن م/ وی این ایس، اسلا م آباد