پاکستان اور پرتگال کا تاریخی عمارات کی دستاویز بندی، ورثہ کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے تعاون پر اتفا ق

464

اسلام آباد، اپریل 19(اے پی پی): قدیم اور تاریخی عمارات کی عالمی معیار کے مطابق دستاویز بندی اور تاریخی ورثہ کو بین الاقوامی سطح پر موثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے پاکستان اور پرتگال نے تعاون پر اتفا ق کیا ہے۔ دونوں ممالک کی حکومتوں کے درمیان اس حوالے سے مفاہمت کی یاداشت پر جلد ہی دستخط کئے جائیں گے۔

 

اس امر کا فیصلہ بدھ کو پاکستان میں پرتگال کے سفیر جوز مینول سینٹوز ڈریگا اور وفاقی سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن انجینئر عامر حسن کے درمیان ملاقات میں ہوا۔ اس موقع پر جوائنٹ سیکرٹری سید جنید اخلاق اور ڈویژن کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) کے تحت پرتگال پاکستان کے آرکیالوجی کے شعبہ کے ماہرین کو تربیت فراہم کرے گا جس سے آرکیالوجی اور تاریخی عمارات کی دستاویز بندی کو عالمی معیارات کے ہم پلہ بنانے میں مدد ملے گی اور پاکستانی ماہرین کی استعداد کار میں اضافہ ہو گا۔

پرتگال کے سفیر جوز مینول سینٹوز ڈریگا نے کہا کہ پاکستان میں قدیم اور تاریخی عظیم ورثہ موجود ہے جو پوری دنیا کے لئے دلچسپی اور کشش رکھتا ہے۔ پاکستان کے ساتھ ثقافت اور آرکیالوجی کے شعبے میں مزید تعاون کے خواہاں ہیں۔ سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ انجینئر عامر حسن نے فنی اور تکنیکی معاونت کے حوالے سے پرتگال کے تعاون اور دلچسپی کو سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اس شعبہ میں تعاون کے وسیع مواقع ہیں جن پر دوطرفہ تعاون بڑھانے کی مزید ضرورت ہے۔

پرتگال کے سفیر نے سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کی اس تجویز سے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان سرکاری حکام کو ویزہ استثنیٰ کا معاہدہ ہونا چاہیے۔

 

اے پی پی/ سدرہ