الزام تراشیاں انسداد دہشت گردی کی جنگ کو کمزور کرنے کے مترادف ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ

664

اسلام آباد ، 27 جولائی ( اے پی پی): ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریہ نے کہا کہ بھارت پاکستان میں بھی دہشت گردی کی معاونت کر رہا ہے، بھارت حریت راہنماوں کو نظربند کرکے مقبوضہ کشمیر کی مقامی تحریک کو دہشتگردی سے منسلک کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر، کشمیریوں کی اپنے بزرگوں کو ورثہ میں ملی ہے۔
جمعرات کو ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان انسداد دہشت گردی آپریشنز پر استطاعت سے زیادہ خرچ کر رہا ہے، پاکستان نےانسداد دہشتگردی کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور پاکستانی کوششوں کو امریکہ سمیت عالمی برادری نے سراہا ہے۔ آپریشن ضرب عضب ردالفساد اور خیبر فور پاکستانی عزم کے عکاس ہیں، پاکستان الزام تراشیوں پر یقین نہیں رکھتا، الزام تراشیوں کا سلسلہ قیامِ امن اور انسداد دہشتگردی کی کوششوں کیلیے نقصان دہ ہے، ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم میں اضافہ ہوا ہے،18 ہزار سے زاید کشمیری جبری طور پر لاپتہ ہیں، بھارت کی جانب سے آبروریزی کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا، بھارت کی جانب سے اقلیتوں مسلمانوں, مسیحیوں اور دلتوں کے خلاف مظالم میں اضافہ ہوا ہے، بین الاقوامی برادری اس کا نوٹس لے۔
نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان نے پیلٹ گنز کا شکار کشمیریوں کا یورپی ممالک میں علاج کرانے کی پیشکش کی تھی جس کا بھارت نے منفی میں جواب دیا، بہر حال انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے یہ پیشکش اب بھی موجود ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ بھارت سمجھوتہ ایکسپریس میں ملوث کرنل پروہت اور دیگر کو تحفظ دے رہا ہے، بھارت آسیم آنند کرنل پروہت اور دیگر کے بارے میں تحقیقات پر اثر انداز ہوا ہے اور پاکستان کو اس حوالے سے تحقیقات سے آگاہ نہیں کیا گیا۔
افغانستان کے حوالے سے کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہو ئے ترجمان نے بتایا کہ افغان سیکیورٹی فورسز کی جانب سے افغانستان میں دو مغوی پاکستانی سفارتی اہلکاروں کی بازیابی کا بتایا گیا ہے، ہم اس پر افغان انتظامیہ کے شکر گزار ہیں، انہوں نے کہا کہ افغان میڈیا میں بیرونی عناصر پاکستان مخالف پروپیگنڈہ کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان تجارتی راہداری معاہدہ کی روشنی میں اہم مذاکرات کابل میں جلد ہوں گے۔
ا ے پی پی حمزہ ا ن م