صدر مملکت کا ٹی بی کے خاتمے اور اس کی روک تھام کے لیے بھر پور اقدامات کی ضرورت پر زور

332

اسلام آباد جولائی 31 (اے پی پی): صدرمملکت ممنون حسین نے ٹی بی کے مریضوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطنِ عزیز سے اس کے خاتمے اور  اس کی روک تھام کے لیے بھر پور اقدامات کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے یہ بات انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبدالباری سے ایوان صدر میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

چیف ایکزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبدالباری نے صدر مملکت کو ٹی بی کے بارے میں بریفینگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان ٹی بی کے مریضوں کے  لحاظ سے دنیا کا  پانچواں بڑاملک ہے ۔ ڈاکٹر عبدالباری نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت ٹی بی کے تین لاکھ سے زائد مریض ہیں اور ہر سال دس ہزار مریضوں کا مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ انھوں نے صدر مملکت کو بتایا کہ وہ کراچی سے  ٹی بی کے خاتمے کے لیے اس مہینے سے مہم کا آغاز کر رہے ہیں۔

صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں حکومت کے ساتھ سماجی تنظیمیں عوام کی صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنا اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انڈس ہیلتھ نیٹ ورک تنظیم کی خدمات اس مقصد کے لیے بڑی اہم ہیں۔ صدر مملکت نے ڈاکٹر عبدالباری کو اس کے مقصد کی سرپرستی اور حمایت کا یقین دلایا۔

صدر مملکت نے کہا کہ حکومت، بین الاقوامی تنظیمیں ، این جی اوز ،مقامی تنظیمیں اور دوسرے اسٹیک ہولڈرز کے تعاون کے بغیرٹی بی جیسی موذی مرض کا خاتمہ ناممکن ہے۔ انھوں نے اس عزم کے اظہار کیا کہ ہماری مشترکہ کوششوں سے مستقبل میں ٹی بی کا خاتمہ یقینی ہو جائے گا۔

حمزہ- اے پی پی/وی این ایس اسلام آباد/ mka