ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائےگا : ترجمان پنجاب حکومت

383

لاہور10 ستمبر۔ترجمان پنجاب حکومت ملک احمدنے کہاہے کہ ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیلئے ہر ممکن اقدام اور تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائےگا ۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ سیریز کیلئے دونوں ٹیموں کو پی ایس ایل فائنل کی طرز پر ٹاپ کلاس فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائےگی ۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی پلان بناتے وقت اس بات کو مد نظر رکھاگیا ہے کہ شہریوں کو سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کے حوالے سے کم سے کم تکلیف کا سامنا کرنا پڑے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے دوران میچزکی سکیورٹی کے حوالے سےپریس کو بریفنگ کے دوران کیا۔
صوبا ئی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ، کمشنر لاہور ڈویژن اور پولیس کے اعلیٰ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اس سے قبل آج قربان لائنز میں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن(ر) عارف نواز خان نے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی میں ورلڈ الیون کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے دوران میچزکی سکیورٹی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی ۔
اجلاس میں آئی جی پنجاب نے سیف سٹی اتھارٹی کے سٹاف کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کیمروں کے ذریعے سٹیڈیم کے گر دونواح اور ہوٹل سے لیکر سٹیڈیم روٹ تک کلوز مانیٹرنگ کی جائے اور ہر طرح کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی کیلئے مختلف پوائنٹس پر تعینات کی جانے والی نفری کو ڈیوٹی کے آغاز سے قبل انہیں ڈیوٹی اور موجودہ نازک صورتحال کے حوالے سے اچھی طرح بریف کیا جائے تاکہ وہ اپنے فرائض بطریق احسن اور بھرپور جذبے سے سر انجام دے سکیں۔انہوں نے سی سی پی او لاہور کو مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہوٹل سے سٹیڈیم تک کے روٹ پر سادہ کپڑوں میں ملبوس چاک و چوبند اہلکار بھی تعینات کئے جائیں جبکہ سٹیڈیم کے روٹ پر آنے والی عمارتوں اور پلازوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے جائیں اور سٹیڈیم کے اندر مختلف انکلیوژز میں سادہ کپڑوں میں کمانڈوز کو بھی ڈیوٹی پر مامور کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ دوران چیکنگ شہریوں سے خوش اخلاقی اور نرم رویے سے پیش آیا جائے اور کسی راستے کو بھی غیر ضروری بند نہ کیا جائے