صدر مملکت ممنون حسین کی جین ڈیکر کی قیادت میں رائل کالج آف فزیشنز برطانیہ کے وفد سے گفتگو

248

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان صحت کے شعبہ کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے اور صحت عامہ کے بنیادی ڈھانچہ کی بہتری اور عوام کو معیاری طبی خدمات کی فراہمی کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھا رہا ہے۔
صدر ممنون حسین نے یہ بات رائل کالج آف فزیشنز برطانیہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے جمعہ کو صدر جین ڈیکر کی قیادت میں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ وفد میں آئن بولک، پروفیسر علی جواد، پروفیسر عامر غفور خان، پروفیسر جاوید اکرم اور سٹیو کرمپ شامل تھے۔ وزارت قومی صحت خدمات اور ایوان صدر کے عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صدر مملکت نے پاکستانی ڈاکٹرز کے ساتھ رائل کالج آف فزیشنز کی شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ باہمی کاوشوں کے ذریعے ’’فیوچر ہاسپٹل پاکستان‘‘ جیسے منصوبے مریضوں کی نگہداشت کی ایک عمدہ مثال ہوں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم مل کر صحت عامہ کو درپیش خطرات کو دور کرنے میں معاون کردار ادا کر سکتے ہیں۔
صدرممنون نے وفد پر پاکستانی ڈاکٹروں کے ساتھ تعاون میں مزید اضافہ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انھوں نے پاکستان میں مریضوں کی بہتر نگہداشت کے بارے میں کانفرنس کے انعقاد میں آر سی پی کی کاوشوں کی تعریف کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس قسم کی مساعی ملک میں میڈیکل کی تعلیم کے معیارات کو مزید بلند کرنے کیلئے مفید ثابت ہوں گی۔ صدر نے آر سی پی کی پانچ سو سالہ تقریبات پر وفد کو مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان میں اس کے خوشگوار قیام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا

اے پی پی/وسیم