پاکستان لبنان ، ہنگری اور مالدیپ کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور تینوں ممالک کے ساتھ اقتصادی ، ثقافتی اور تعلیمی شعبوں میں اضافے کا خواہش مند ہے۔ صدر ممنون حسین

390

 

اسلام آباد جنوری 02 (اے پی پی): صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان لبنان ، ہنگری اور مالدیپ کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور تینوں ممالک کے ساتھ اقتصادی ، ثقافتی اور تعلیمی شعبوں میں اضافے کا خواہش مند ہے۔

صدر مملکت نے یہ بات لبنان کی سبکدوش ہونے والی سفیر مونا التانیر اور ہنگری کے لیے افتخار عزیزاور مالدیپ کے لیے وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) وسیم اکرم پاکستان کے نامزد سفیروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے آج ایوان صدر میں ان سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔ اس موقع پر وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

صدر مملکت نے لبنان کی سبکدوش ہونے والی سفیر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لبنان ایک زمانے میں سیاحوں کی جنت تھا ، ان کی خواہش ہے کہ ملک میں استحکام پیدا ہو اور لبنان کی یہ حیثیت ایک بار پھر بحال ہو سکے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور لبنان کے درمیان تجارت، تعلیم او ر ثقافت کے شعبوں میں مزید اضافہ ہونا چاہیے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان ان شعبوں میں تعاون میں مزید اضافہ ہو سکے۔ انھوں نے سبکدوش ہونے والے سفیر کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات میں مزید گہرائی پیدا کرنے کے لیے بڑی محنت سے کام کیا۔انھوں نے سبکدوش ہونے والی سفیر کی مستقبل میں ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔

صدر مملکت نے مالدیپ کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ مالدیپ کے ساتھ فضائی اور بحری راستوں کی بحالی پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ ہو سکے۔

صدر مملکت نے ہنگری کے ساتھ بھی تجارتی شعبے میں تعلقات میں اضافے پر خصوصی تو جہ کی ہدایت کی۔ حمزہ رحمٰن

وی این ایس اسلام آباد