تاجکستان، ترکمانستان ، قراخستان کرغز جمہوریہ اور ازبکستان کے وفود کی مختلف وزارتوں میں اجلاسوں میں شرکت

297

اسلام آباد،20مارچ (اے پی پی): آج پاکستان کے دورے پر آئے ہوے تاجکستان، ترکمانستان ، قراخستان کرغز جمہوریہ اور ازبکستان کے وفود نے مختلف وزارتوں کے اجلاسوں میں شرکت کی۔

وفد نے ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن(ڈی ای پی او) پہلے اجلاس میں شرکت کی جہاں پر وزارت دفاعی پیداوار کی طرف سے وفد کے اراکین کو دفاع سے متعلقہ جنگی ساز و سامان ، آلات ، مشینری اور گولہ بارود کی تیاری کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ وفود نے پاکستان کے جنگی ساز و سامان اور آلات میں دلچسپی کا اظہار کیا اور اس شعبہ میں پاکستان کی ترقی کو سراہا ۔ وفد کے اراکین نے اس بات سے اتفاق کیا کہ خطہ میں دہشت گردی پر قابو پانے کے ساتھ درپیش خطرات سے نمٹنے کے لئے سیکورٹی اور دفاع کے شعبہ میں تعاون بڑا ضروری ہے ۔وفد نے نیشنل ایگریکلچرل ایسرچ سنٹر نارک کا دورہ بھی کیا جہاں پر اسے پاکستان کی زرعی تحقیقی کونسل ( پارک ) کی طرف سے فوڈسیکورٹی ، پولٹری ، لائیو سٹاک ، زرعی تحقیق اور فصلوں کی پیداوار کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور وفد میں شامل ممالک کے ساتھ باہمی تعاون اور دو طرفہ تجارت کے فروغ بارے تبادلہ خیال کیا گیا ۔

 

بعد ازاں وفد نے پاکستان ٹو رزم ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا دورہ کیا جہاں پر کابینہ ڈویژن کی سپیشل سیکرٹری شائستہ سہیل نے وفد کو سیر و سیاحت خصوصاً زمینی سیاحت اور تبادلہ جات کے پروگرام کے بارے میں آگاہ کیا ۔ وفد کے اراکین نے پاکستان کے سیاحتی شعبہ میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار بھی کیا اس کے بعد وفد کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں وزارت اطلاعات و نشریات قومی تاریخ اور ادبی ورثہ کی طرف سے بریفنگ دی گئی ۔ اس اجلاس کے ایجنڈا میں کامن میڈیا فورم کے بارے تبادلہ خیال اور پاکستان اور وسطی ایشیائی ممالک میں مستقبل میں تعاون شامل تھا ۔ وسطی ایشیائی ممالک کے اس وفد میں شامل کرغز جمہوریہ کے 4رکنی وفد کی قیادت کرغزی پبلک نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجیک سٹڈیز کے ڈپٹی ڈائریکٹر بید ولیﺅ ف نے کی ۔

 

قزاخستان کے 6رکنی وفد کی قیادت جورگائی نے کی ۔ جبکہ ازبکستان کا وفد 5اراکین جبکہ تاجکستان کا وفد 6اراکین پر مشتمل تھا۔ حمزہ رحمٰن/وی این ایس اسلام آباد