جسٹس (ریٹائرڈ) یاسمین عباسی وفاقی محتسب برائے تحفظِ ناموسِ خواتین کی صدر سے ملاقات

271

اسلام آباد، 02 مارچ (اے پی پی): صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ قومی کارکردگی میں اضافے کے لیے خواتین کی ورک فورس میں شمولیت اور متعلقہ قوانین کے تحت متاثرہ خواتین کی داد رسی اور انصاف کی فراہمی کے لیے خواتین محتسب کے ادارے کا کردار بہت اہم ہے ۔

صدر مملکت نے یہ بات جسٹس (ریٹائرڈ) یاسمین عباسی وفاقی محتسب برائے تحفظِ ناموسِ خواتین بر مقام کار سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنھوں نے اپنی مدت ملازمت کی تکمیل کے بعد ان سے ایوان صدر میں الوداعی ملاقات کی ۔

صدر مملکت نے کہا کہ قومی ترقی کے لیے خواتین کا زندگی کے ہر شعبے میں فعال کردار بہت اہم ہے ۔ اس مقصد کے لیے ضروری ہے کہ کام کے مقام پر انھیں اعتماد اور تحفظ فراہم کیا جائے۔ اس سلسلے میں محتسب کا یہ ادارہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ صدر مملکت نے اس اہم منصب پر جسٹس (ریٹائرڈ) یاسمین عباسی کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ خواتین کو مقام کار پر ہراسمنٹ سے محفوظ رکھنے کے لیے انھوں نے قابلِ قدر کردار ادا کیا ۔

اے پی پی/حمزہ/فرح/وی این ایس اسلام آباد