“عظیم پاکستانی قوم کو سلام ، پاکستان زندہ باد” ائیر چیف مجاھد انور کی یومِ پاکستان پریڈ کے موقع پر فلائی پاسٹ کی قیادت۔

295

اسلام آباد23 مارچ (اے پی پی): پاک فضائیہ کے سربراہ ، ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے یومِ پاکستان پریڈ کے موقع پر فلائی پاسٹ کی قیادت کی۔

ائیر چیف جنہوں نے 19 مارچ ، 2018ء کو پاک فضائیہ کی کمان سنبھالی اپنی پیشہ وارانہ فراست اور شوقِ پرواز کی وجہ سے مشہور ہیں، اپنے پیشروؤں کی روایت کو مدِنظر رکھتے ہوئے، F-16 Block 52 طیارے میں محو پرواز ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پریڈ اسکوائر کے اوپر ایک شاندار ورٹیکل رول (Vertical Roll) کا مظاہرہ کیا اور جہاز سے ریڈیو کمیونیکیشن کے ذریعے پا کستانی قوم کے عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ” میں پاکستان کی عظیم قوم کو سلام پیش کرتا ہوں، پاکستان زندہ باد” ۔ محو حیرت اور پر جوش حاضرین ائیر چیف کے جہاز کو آسمانوں کی بلندیوں میں غائب ہوتے دیکھتے رہ گئے اور انہوں نے بھر پور تالیاں بجا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔
قبل ازیں پاک فضائیہ کے سربراہ یوم پاکستان پریڈ میں شریک پاک فضائیہ کی فارمیشن کی قیادت کے لیے پی اے ایف بیس مصحف پہنچے۔انہوں نے بیس پر موجود فضائی اور ذمینی عملے سے ملاقات کی اور ان کے غیر معمولی عزم اورجذبے کو سراہا۔
حمزہ رحمٰن/وی این ایس اسلام آباد